سیاسی جماعتیں نظریہ پاکستان کیخلاف اظہار رائے پر نہیں کرینگی، الیکشن کمیشن

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024ءکےلئے سیاسی جماعتوں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ضابطہ اخلاق الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پربھی موجود ہے ۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلامیہ کے مطابق سیاسی جماعتیں، امیدوار ایسی رائے کا اظہار نہیں کریں گے جو نظریہ پاکستان، ملکی خود مختاری، سلامتی، سالمیت کے خلاف ہو۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں ایسی رائے کا بھی اظہار نہیں کریں گی جس سے عدلیہ یا فوج کی شہرت کو نقصان پہنچے یا ان کی تضحیک ہو۔
اس کے علاوہ سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کی تضحیک سے اجتناب کریں گی۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق مخالف امیدوار کو دستبردار یا ریٹائر ہونے کی ترغیب یا اس کے لیے رشوت یا تحفہ دینے سے گریز کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ امیدواروں کے انتخاب کے وقت خواتین کی 5 فیصد نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق سیاسی جماعتیں ایسے معاہدے میں شرکت نہیں کریں گی جس کا مقصد مرد، خواتین اور ٹرانس جینڈر کو امیدوار بننے سے روکنا یا ان کو ووٹ سے محروم کرنا ہو۔
حلقہ بندیوں سے متعلق میڈیا کی خبروں پر وضاحت میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 اور رولز کے تحت حلقہ بندیوں کے اصول واضح ہیں، صوبے کی آبادی کو مختص سیٹوں پر تقسیم کیا جاتا ہے تو ہر سیٹ کے کوٹے کا تعین ہو جا تا ہے، اگر کسی ضلع کی سیٹوں کا حصہ 4.49 بنتا ہے تو اسے 4 سیٹیں دی جاتی ہیں۔

مزید پڑھیں:  اورکزئی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق