ایک کے بعد ایک مسائل، پاکستان میں غربت کی شرح بڑھنے لگی

ویب ڈیسک: کورونا کے بعد ملک بھر میں جاری مہنگائی اور بیروزگاری جیسے مسائل کے باعث غربت کی شرح میں حیرت انگیز اضافہ دیکھا جانے لگا ہے۔ عالمی بینک کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 20 برسوں سے پاکستان میں غربت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک سال کے دوران غربت کی شرح 34.2 فیصد سے بڑھ کر 39.4 فیصد تک جا پہنچی ہے۔ کورونا، مہنگائی اور بے روزگاری نے پاکستان میں 9 کروڑ 50 لاکھ سے زائد افراد کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا ہے۔ یہ ایک چشم کشا رپورٹ ہونی چاہئے حکام کیلئے جو بہترین پلاننگ نہ کر سکے کہ عوام کو غربت کی مصیبت سے چھٹکارا دلایا جا سکے۔
ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال میں مزید ایک کروڑ 25 لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے تاہم اس بارے میں امید بھی ظاہر کی جا رہی ہے کہ غربت کی سطح 39.4 فیصد سے کم ہو کر 35 فیصد تک آ جائَے گی۔
ماہرین معاشیات کے مطابق پاکستان کے نوجوانوں کو روزگار، صحت عامہ سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی بہتر بنانے سے غربت کی شرح میں تیزی سے کمی لائی جا سکتی ہے۔
حکام کی بہتر منصوبہ بندی نہ ہونے کے باعث غربت کی شرح میں نہایت سرعت کے ساتھ اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اس سلسلے میں بروقت اقدامات نہ ہونے سے مسائل انتہائی گھمبیر ہو سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ایران کے قومی ترانے کا احترام نہ کرنے پر طالبان حکام تنقید کا شکار