ملبورن ٹیسٹ، قومی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، 6 وکٹوں پر 194 رنز

ویب ڈیسک: پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین جاری ملبورن ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستانی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ کینگروز بولرز کے سامنے قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے۔ دوسرے دن کا کھیل جب شروع ہوا تو آسٹریلیا کے 3 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز تھے۔
پہلے روز آخری وکٹ سٹیو سمتھ کی گری جو 26 رنز پر عامر جمال کا شکار بنے۔ دوسرے روز مارنوس لبوشین اور ٹریوس ہیڈ بھی ناکام رہے۔ ٹریوس ہیڈ 204 کے مجموعی سکور پر آغا سلمان کو کیچ دے بیٹھے۔
مارنوس لبوشین 63 رنز ہی بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 3، شاہین آفریدی، حسن علی اور میر حمزہ نے 2، 2 جبکہ آغا سلمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ملبورن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں‌پاکستانی ٹیم نے شائقین کو مایوس کیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا لیکن امام الحق 10 رنز بنا کر نیتھن لیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
بعدازاں عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے ٹیم کا سکور 124 رنز پر پہنچایا لیکن عبد اللہ شفیق ففٹی مکمل کرنے کے چلتے بنے۔ بابر اعظم بھی صرف ایک رن پر پیٹ کمنز کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے جبکہ قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ شان مسعود کی شکل میں گری۔
ان کے بعد قومی بلے بازوں کی لائن لگ گئی اور کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔ یاد رہے کہ دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے تھے، محمد رضوان 29 اور عامر جمال 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی فوج کا الجزیرہ ٹی وی کے دفتر پر دھاوا،بندکرنے کا حکم