ترک صدر رجب طیب اردگان نے نیتن یاہو کو موجودہ دور کا ہٹلر قرار دیدیا

‏ویب ڈیسک: ترک صدر رجب طیب اردگان نے غزہ پر اسرائیلی افواج کے وحشیانہ حملوں کو نازیوں کے سلوک سے تشبیہ دی جو ان کی جانب سے یہودیوں سے روا رکھا گیا تھا۔
انقرہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مغربی ممالک کی اسرائیلی حمایت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو ہٹلر سے مختلف نہیں۔
رجب طیب اردگان نے کہا کہ ترکی ان ماہرین تعلیم اور سائنسدانوں کا خیرمقدم کرنے کے لیے تیار ہے جنہیں غزہ جنگ کے بارے میں خیالات کا اظہار کرنے یا دیگر وجوہات کی وجہ سے ظلم و ستم کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اسرائیل کا اس جنگ میں ساتھ دینے والے یا ان کی حمایت کرنے والے مغربی ممالک جنگی جرائم میں ملوث ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ترکیہ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی اور زمینی حملوں کی سخت مذمت کی اور اسے دہشتگرد ریاست قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نیتن یاہو کے خلاف عالمی عدالتوں میں مقدمہ چلنا چاہیے۔
خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ لوگ ہٹلر کو برا بھلا کہتے تھے لیکن اب ان دونوں میں کیا فرق رہ گیا؟ یہ ہمیں ہٹلر کی یاد دلا رہے ہیں، کیا یہ اسرائیلی وزیر اعظم جو کچھ کر رہا ہے وہ ہٹلر سے کم ہے؟
یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر 7 اکتوبر سے تابڑ توڑ حملے جاری ہیں جس کی وجہ سے 21 ہزار کے قریب فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 60 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

مزید پڑھیں:  الیکٹرک کاریں بھی ٹائم بم بن سکتی ہیں، وارننگ جاری