تقریبات پرپابندی

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی:وزیراعظم نے سال نو کی تقریبات پرپابندی لگا دی

ویب ڈیسک :نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نئے سال کی تقاریب پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال نوپر تقریبات نہیں ہوں گی ۔
اس حوالے سے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے خصوصی پیغام میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے بربریت کا سلسلہ جاری ہے، فلسطین کی صورتحال کے باعث پوری قوم رنج وغم میں ہے-
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پوری قوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے کھڑی ہے، تمام پاکستانی مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں، پاکستانیوں سے اپیل ہے نئے سال پر سادگی کو ملحوظ خاطر رکھیں۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین کے لئے امدادی کھیپ کے سلسلے میں اردن اور مصر کے ساتھ رابطے میں ہیں، 7 اکتوبر سے اب تک 20 ہزارسے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، فلسطین میں شہید ہونے والوں میں بڑی تعداد بچوں کی ہے، مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ شدید رنج کے عالم میں ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ فلسطین میں خون ریزی روکنے کے لئے پاکستان بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا، اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں نئے سال کا سورج امن وآشتی کا پیغام لے کرطلوع ہو۔

مزید پڑھیں:  مردان، بونیر روڈ گملہ گٹ کے قریب لاوارث تشدد زدہ لاش برآمد