افغانستان میں امریکی اسلحہ ٹی ٹی پی کے ہاتھ لگنے کے شواہد مل گئے

ویب ڈیسک: پاکستان میں امریکی اسلحہ ٹی ٹی پی کے ہاتھ لگنے کے شواہد منظر عام پر آ گئے۔ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی واقعات سے یہ بات سب پر عیاں ہے کہ افغانستان میں امریکا کا چھوڑا ہوا اسلحہ ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کے ہاتھ لگ چکا ہے۔
یہی وہ وجہ ہے جس نے خطے کی سلامتی اور امن کو تاراج کیا۔ بالخصوص اس امریی ہتھیاروں کے طالبان کے ہاتھ لگنے سے پاکستان میں دہشتگردی واقعات بڑھے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ سال باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر ہونے والے دہشت گرد کارروائیوں میں 3 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں، اس دوران ان ہلاک دہشت گردوں سے ایم فور کریبائن اور دیگر امریکی اسلحہ بر آمد ہوا۔ اس کے علاوہ میر علی میں ہونے والے آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے امریکی ساختہ اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
ژوب گیریژن، چترال، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور میانوالی سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والی دہشتگرد کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے امریکی اسلحہ برآمد ہوا۔
ان کے علاوہ گزشتہ ماہ کسٹمز اور سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستان آنیوالی گاڑی سے پیاز کی بوریوں سے بھی جدید امریکی ہتھیار برآمد کیئے، اسلحے میں جدید امریکی ساختہ ایم فور، امریکی رائفل، گرنیڈ شامل تھے۔
ان واقعات کے علاوہ ایسے اور بھی دہشت گردی واقعات ہیں جن سے امریکی اسلحہ ٹی ٹی پی کے ہاتھ لگنے کے شواہد ملتے ہیں۔ اس کے بعد سے خطے میں بدامنی پھیل گئی ہے جبکہ دہشت گردی واقعات میں بھی بہت اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
امریکی اسلحہ کا ٹی ٹی پی کے ہاتھ لگ جانے سے پیدا شدہ صورتحال اور بڑھتے دہشت گردی واقعات سے یہ بھی اندازہ ہو رہا ہے کہ کسی منصوبے کے تحت نہ صرف خطے کے امن کو تباہ کیا جا رہا ہے بلکہ پاکستان میں بھی دہشتگردی کو ہوا دی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، میاں افتخار حسین عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر منتخب