غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ، شہداء کی تعداد 28 ہزار سے متجاوز

ویب ڈیسک: غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور کینیڈا کی جانب سے مطالبہ کیا جانے لگا ہے۔
اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے جہاں اسلامی ممالک پیش پیش ہیں وہیں یورپی ممالک نے بھی ایک قدم آگے آتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے کوششیں تیز کر دیں۔
ان ممالک کے وزرائے اعظم کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ رفاح میں ممکنہ طور پر "تباہ کن” اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر شدید فکر مند ہیں۔
ان رہنماؤں نے کہا ہے کہ اسرائیل کو یہ بات سمجھنا ہوگی کہ ایسے شہریوں کو نشانہ بنانا قطعی درست نہیں، یہ انسانیت کے خلاف ہے۔ حماس اور دیگر گروپوں کیخلاف جنگ کے دوران معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا قطعی قرین انصاف نہیں۔
ذرائع کے مطابق غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے سینکڑوں افراد کو ہسپتال خالی کرنے کا کہا گیا۔ اس حکم نامہ کے بعد اسرائیلی افواج کے مہلک سنائپر حملوں کے دوران درجنوں افراد ناصر ہسپتال میں پھنس کر رہ گئے تھے لیکن انہوں نے وہاں سے نکلنے کی راہ بہرحال نکال لی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 28 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 68 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ اب یورپی ممالک کی جانب سے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے.

مزید پڑھیں:  چارسدہ: تنگی میں جائیداد تنازعہ پر فائرنگ سے3افراد جاں بحق