سینیٹر مشتاق احمد کا چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

ویب ڈیسک: جماعت اسلامی کے رہنما اور سینیٹر مشتاق احمد نے سینیٹ اجلاس کے دوران ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے کہا کہ یہ انتخابات قانون کے مطابق نہیں تھے۔
سینیٹ اجلاس میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوں اور ان کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔
سینیٹر مشتاق احمد کا اس موقع پر مزید کہنا تھا کہ حالیہ انتخابات جعلی تھے، الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور الیکشن کمیشن قوم سے معافی مانگے، دھاندلی کرنیوالے قومی مجرم اورغدار ہیں۔
انہوں نے سینیٹ اجلاس میں اپنے خطاب میں کہا کہ کیا چند سرکاری افسر بند دروازوں کے پیچھے فیصلے کریں گے، ایسا کر کے ملک بھر کے عوام، نوجوانوں کو کیا پیغام دیا جا رہا ہے۔
رہنما جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ انتخابات کے خلاف پورے ملک میں آوازیں اٹھ رہی ہیں، عوام کی جانب سے سوالات کئے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کی تمام قسمیں ہم اس الیکشن میں دیکھ چکے، الیکشن اس لیے کیا جاتا ہے تاکہ بحران سے نکلا جاسکا لیکن یہاں سارا معاملہ ہی الٹا ہے۔
سینیٹر مشتاق احمد کا دوران اجلاس کہنا تھا کہ دھاندلی کر کے الیکشن کمیشن انتخابات میں غداری کا مرتکب ہوا ہے، گزشتہ تین دنوں سے ٹوئٹر کی آنکھ مچولی جاری ہے جس سے دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ پوری دال کالی دکھائی دیتی ہے۔
آخر میں انہوں نے یاد دلایا کہ سابق کمشنر راولپنڈی کی باتوں میں سارا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیا۔

مزید پڑھیں:  کراچی میں فائرنگ واقعہ کے دوران 5 افراد جاں بحق