آئندہ 4 ماہ کا بجٹ صوبائی اسمبلی سے منظورکرانے پر غور شروع

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کا 4 ماہ کا بجٹ رواں ماہ کی 29 تاریخ کے بعد ختم ہو جائے گا۔ اس سلسلے میں پی اینڈ ڈی کی جانب سے نگراں حکومت سے بجٹ کی منظوری لینے کی منصوبہ بندی تھی تاہم آئندہ دنوں کے دوران نئی حکومت کے قیام کے امکان پر ابہام پیدا ہوگیا ہے۔ اس لئے آئندہ چار مہینے کا بجٹ صوبائی اسمبلی سے منظور کرانے کی منصوبہ بندی پر غور کیا جارہاہے۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کی نگراں حکومت نے اب تک چار ، چار ماہ پر مشتمل دو بجٹ صوبائی کابینہ سے منظور کرائے ہیں اس سلسلہ میں جاری بجٹ نومبر میں منظور کرایا گیا تھا اور29 فروری کو اس بجٹ کی مدت کا خاتمہ ہوجائے گا۔
محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں تکنیکی مسائل سے بچنے کیلئے نگران حکومت نے اگلے چار ماہ کیلئے بھی بجٹ کی تیاری کا حکم دیا ہے جس کے تحت تمام محکموں کیلئے مجموعی طور پر120ارب روپے کا بجٹ منظور کرانے کا منصوبہ تھا۔
ذرائع کے مطابق یہ بجٹ نگراں صوبائی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش نہیں کیا گیا تھا چونکہ آئندہ چند روز میں نئی حکومت قائم کردی جائے گی۔
اس لئے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگلے چارہ ماہ کے لئے نئی منتخب ہو نے والی صوبائی حکومت کی جانب سے مارچ تا جون تک کا بجٹ اسمبلی سے منظور کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ آئندہ 4 ماہ کا بجٹ پیش کرنے کیلئے ہوم ورک شروع کر دیا گیاہے۔

مزید پڑھیں:  انسداد منشیات اور سمگلنگ کے خلاف پاکستان کوسٹ گارڈز متحرک