ججز کارروائی

مستعفی ججز کے خلاف کارروائی ختم نہیں ہوگی، سپریم کورٹ

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ نے ریٹائرڈ یا مستعفی ججز کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل کارروائی سے متعلق کیس کا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ جج کیخلاف ایک بار کارروائی شروع ہو جائے تو جج کے استعفے سے کارروائی ختم نہیں ہوگی۔
سپریم کورٹ نے چار ایک کی اکثریت سے فیصلہ سنایا، جسٹس حسن اظہر رضوی نے اپیل زائدالمیعاد ہونے کی حد تک فیصلے سے اختلاف کیا ہے۔
سپریم کورٹ نے مختصر فیصلے میں کہا ہے کہ جج کیخلاف ایک بار کارروائی شروع ہو جائے تو جج کے استعفے سے کارروائی ختم نہیں ہوگی، مستعفی جج کیخلاف کارروائی جاری رکھنا جوڈیشل کونسل کا اختیار ہوگا۔
سپریم کورٹ کے مختصر فیصلے میں کہا ہے کہ ریٹائرڈ ججز کے خلاف زیرالتوا شکایات پر کارروائی کرنا یا نہ کرنا سپریم جوڈیشل کونسل کی صوابدید ہے۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں:  سمندری طوفان گیمی چین سے ٹکرا گیا، شدید بارشوں کا امکان