اختیار ولی

پی ٹی آئی پشاور ہائیکورٹ کی بدنامی کا سبب بن رہی ہے،اختیار ولی

ویب ڈیسک :ترجمان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا اختیار ولی خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو 9 مئی کے مفروروں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بنایا جارہا ہے ،پی ٹی آئی پشاور ہائیکورٹ کی بھی بدنامی کا سبب بن رہی ہے۔
میاں اسلم اقبال کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے اختیارولی خان کا کہنا تھا کہ سارے بنارسی ٹھگ سپیکر ہاؤس میں بیٹھ کر ملک کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں، جعلی مینڈیٹ لیکر خود کو طرم خان سمجھنے والے دس حلقے کھول دیں۔
اختیارولی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مفرور نام نہاد پنجاب کیلئے نامزد وزیراعلیٰ کو ضمانت کیلئے پشاور ہی کیوں آنا پڑا؟ سازشوں، شرارتوں اور مفروروں کیلئے پشاور ہی کا انتخاب کیوں؟ پی ٹی آئی پشاور ہائیکورٹ کی بھی بدنامی کا سبب بن رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے پاس 180 لوگوں کی اکثریت ہے تو مرکز میں حکومت کیوں نہیں بناتی؟ تحریک انصاف کی سیاست جھوٹ پر کھڑی ہے اور بانی پی ٹی آئی جھوٹوں کے سردار ہیں، بانی پی ٹی آئی پر چوری ثابت ہوچکی ہے وہ اب سزا یافتہ مجرم ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کو لوٹنے والوں کو کھلی چھٹی نہیں دیں گے۔

مزید پڑھیں:  صوبائی حکومت کا لوڈشیڈنگ شیڈول کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن کا عندیہ