جنگ بندی کا امکان

حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا امکان

ویب ڈیسک:امریکی ثالثی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق پیش رفت کا امکان پیدا ہو گیا ہے ۔
اس حوالے سے اسرائیلی اخبار ’ہارٹز‘ نے باخبر ذرائع کا حوالہ دیکر انکشاف کیا ہے کہ امریکی ادارے ’سی آئی اے‘ کے ڈائریکٹر ولیم برنز کی حماس اور اسرائیل کی قیادت سے رابطوں میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔
سی آئی اے کے ڈائریکٹر کے ان رابطوں میں امریکی صدر جو بائیڈن کے مشرق وسطیٰ کے امور کے مشیر بریٹ میک گرک نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
خیال رہے کہ اسماعیل ہنیہ کی قیادت میں حماس کا ایک وفد اس وقت مصر کے دورے پر ہے اور وہاں کی انٹیلی جنس کے اعلیٰ حکام کے ساتھ بات چیت بھی کی۔
قیدیوں کی فائل اور جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح پر متوقع اسرائیلی حملے کے بارے میں بات کرنے کے لیے میک گرک مصر کا بھی دورہ کریں گے۔
حماس اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر معاہدے کے لیے امریکا، قطر، اردن اور مصر بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں لیکن یہ مذاکرات بار بار تعطل کا شکار ہوجاتے ہیں۔
جس کے بعد سے یہ گمان ہونے لگا تھا کہ شاید اب جنگ کے کسی حتمی نتیجے تک پہنچنے سے قبل سیز فائر ممکن نہیں ہوسکے گا تاہم امریکی سی آئی اے نے ایک امید پھر پیدا کردی ہے۔
ادھر اسرائیل نے اپنے تمام یرغمالیوں کی فوری طور پر رہا کرنے پر رفح میں بڑی عسکری کارروائی کی دھمکی دی ہے جہاں لاکھوں فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  سانحہ 9مئی کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،عطاء تارڑ