منتخب حکومت کے قیام تک ایم ٹی آئیز کے فیصلوں پر پابندی

ویب ڈیسک: صوبائی حکومت نے منتخب حکومت کے قیام تک تمام میڈیکل اینڈ ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن ایم ٹی آئی میں نئی تقرریوں اور پالیسی وغیرہ سے متعلق بورڈ آف گورنرز کے بڑے فیصلوں پر پابندی لگادی ہے۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کے 10ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں نگران مشیر صحت اور محکمہ صحت کے حکام کی جانب سے غیر قانونی اقدامات کی شکایات پر نگران صوبائی حکومت سے یہ پابندیاں لگانے کی سفارش کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق اس سفارش کو حکومت نے منظور کرتے ہوئے ایم ٹی آئی لیڈی ریڈنگ ہسپتال، ایم ٹی آئی خیبر ٹیچنگ ہسپتال، ایم ٹی آئی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس، پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، ایم ٹی آئی باچاخان میڈیکل کمپلیکس، مردان میڈیکل کمپلیکس، ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد، خلیفہ گل نواز میموریل ٹیچنگ ہسپتال بنوں، قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ اور مفتی محمود میموریل ٹیچنگ ہسپتال ڈی آئی خان کے بورڈ آف گورنرز کے چیئر پرسنز کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
مراسلہ کے تحت نہ تو مزید نئی تقرریاں کی جائیں گی اور نہ ہی بورڈ آف گورنرز کا کوئی متضاد فیصلہ مجاز اتھارٹی کی منظوری اجازت کے بغیر یا نئی منتخب حکومت کے قیام تک نہیں لیا جائے گا۔
ہسپتالوں کے بی اوجی چیئر پرسنز کو اس ضمن میں ہدایات پر سختی کے ساتھ عملدر آمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  ضلع بنوں میں ایک اور بچہ اغواء ، لواحقین کا احتجاج