مریم نواز

مریم نواز پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب،حلف اٹھا لیا

ویب ڈیسک: ن لیگ اور اتحادیوں کی مشترکہ امیدوار مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہو گئیں، عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ن لیگ اور اتحادیوں کی مشترکہ امیدوار مریم نواز220 ووٹ لے کر وزیراعلٰی پنجاب منتخب ہوئیں۔
اپوزیشن کے بائیکاٹ اور واک آؤٹ کے باعث رانا آفتاب کوئی ووٹ حاصل نہ کرسکے۔
سپیکر کی جانب سے کامیابی کے اعلان کے بعد مریم نواز نے باضابطہ طورپر قائد ایوان کی نشست سنبھال لی۔
ن لیگ نے مریم نواز اور پاکستان تحریک انصاف نے رانا آفتاب احمد خان کو وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار نامزد کیا تھا۔
آج کے اجلاس میں مزید دو ارکان پنجاب اسمبلی سردار خضر حسین مزاری اور طاہر قیصرانی نے حلف اٹھا لیا۔
طاہر قیصرانی نے آئی پی پی اور سردار خضر مزاری نے مسلم لیگ ن کو جوائن کیا۔
رانا آفتاب نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنا چاہی مگر اسپیکر نے اجازت نہیں دی‘ ملک احمد نے کہا کہ آج کا اجلاس صرف وزیراعلیٰ کے چناؤ کے لیے ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے اراکین بولنے کی اجازت نہ ملنے پر ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔
مریم نواز نے اپوزیشن کو منا کر ایوان میں واپس لانے کا کہا جس پر 6 لیگی رہنما اپوزیشن کو منانے پہنچ گئے۔
مریم نواز نے کہا کہاسپیکر صاحب اپوزیشن کو بولنے کی اجازت دیدیں، آپ ہار ہیں یا جیت رہے ہیں مقابلہ کرنا جمہوریت کا حسن ہے۔
بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پہلی خاتون وزیراعلیٰ کا حلف اٹھا لیا، گورنر ہاؤس میں نومنتخب وزیر اعلیٰ کی تقریب حلف برداری ہوئی۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے مریم نواز شریف سے عہدے کا حلف لیا، تقریب حلف برداری میں نومنتخب ارکان اسمبلی بھی شریک ہوئے۔
عام انتخابات 2024 میں مریم نواز این اے 119 اور پی پی 159 سے کامیاب ہوئی تھیں، مریم نواز 220 ووٹ لے کر پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئیں جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار رانا آفتاب نے صفر ووٹ حاصل کیا۔

مزید پڑھیں:  عوام کیلئے خوشخبری، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان