مریم نواز

میرے دل میں انتقام کی خواہش نہیں ، مریم نواز

ویب ڈیسک:پنجاب کی پہلی نو منتخب خاتون وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ میرے دل میں کسی کے خلاف ا نتقام کی خواہش نہیں ،میرے چیمبر کے دروازے حکومتی و اپوزیشن اراکین کیلئے کھلے رہیں گے۔
وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ منصب ملنے پر سر جھکا کر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں، قدرت کا نظام پہلے انسان کو مشکلات سے گزارتا ہے پھر عزت سے نوازتا ہے، میرا وزیراعلیٰ منتخب ہونا ہر ماں، بہن اور بیٹی کیلئے اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کو جمہوری عمل میں شامل ہونا چاہیے تھا، اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کے نہ ہونے پر افسوس ہے، اپوزیشن کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے رہیں گے، منصب کیلئے نامزد کرنے پر قائد نوازشریف صدر شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہمیں ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا گیا، اللہ نے مشکل سے نواز کر عزت سے نوازا، ہم نے بطور جماعت کبھی میدان خالی نہیں چھوڑا، میرے دل میں انتقام اور بدلے کا کوئی جذبہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین نے مجھے ظلم اور انتقام کا نشانہ بنایا ان کی شکر گزار ہوں، مخالفین نے مجھے ایسی ٹریننگ سے گزارا جس کا کوئی نعم البدل نہیں، قدرت کا نظام ہے پہلے انسان کو مشکلات سے گزارتا ہے پھر عزت سے نوازتا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں ووٹ دینے اور نہ دینے والوں کی وزیر اعلیٰ ہوں، ہم سب جمہوری و سیاسی کارکن ہیں، ایوان جمہوریت کا پرچم سر بلند رکھے گا، امید ہے سپیکر، ڈپٹی اسپیکر جمہوری عمل کو برقرار رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرا مقابلہ کسی اور سے نہیں اپنی جماعت میں موجود قدآور شخصیات کی کارکردگی سے ہے، نوازشریف کو پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے کا اعزاز حاصل ہے، کسی صورت تہذیب اور اخلاق کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ والدہ نے مجھے تعلیم اور مشکلات کا سامنا کرنے کی ٹریننگ دی، والدہ نے سکھایا کس طرح مضبوطی سے مشکلات کا سامنا کیا جاتا ہے، آج اپنی والدہ اور قوم کی تمام ماؤں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتی ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپنے اساتذہ، ہیڈماسٹرز کا بھی دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، اس منصب پر بٹھانے پر پنجاب کے عوام کی بھی مشکور ہوں، اس کرسی پر نوازشریف جیسے لیڈر نے ترقی کی منازل طے کیں، اللہ نے نوازشریف کو اس اعزاز سے نوازا وہ کسی کے حصے میں نہیں آیا۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ میرا کام پنجاب میں پالیسی بنانا ہے، حلف اٹھانے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے منشور پر آج سے عمل شروع کروں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے لئے سب قابل احترام ہیں، سب کے مینڈیٹ کا احترام کرتی ہوں، امید کرتی ہوں تفریق سے بالاتر ہو کر میری مدد کریں گے، میں حلقے کے عوام کیلئے اس ہی طرح دستیاب رہوں گی جس طرح ایم پی اے کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک رمضان ریلیف پیکیج "نگہبان” کے نام سے بنایا ہے، نگہبان پیکیج گھروں تک پہنچایا جائے گا، عوام کا حق دہلیز تک پہنچانا اولین ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری معاشی صورتحال سب کو پتہ ہے، جو نوجوان میرٹ پر پورا اترے گا انٹرنیشنل یونیورسٹی کا خرچہ حکومت پنجاب ادا کرے گی، انٹرن شپ میں بچوں کو 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  ججز خط:پی ٹی آئی نے چیف جسٹس کاطرزعمل مایوس کن قراردیا