پشاور، ممبر قومی اسمبلی اسد قیصر سیکورٹی کیس، سماعت ملتوی

ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ میں نومنتخب ممبر قومی اسمبلی و سابق سپیکر اسد قیصر کی سیکورٹی کے حوالے سے دائر کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ممبر قومی اسمبلی اسد قیصرکی مراعات اور سیکیورٹی کے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر سماعت جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس سد ارشد علی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔
وکیل درخواست گزار کا دوران سماعت کہنا تھا کہ درخواست گزار سپیکر قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی رہ چکا ہے۔ وہ پورے ملک میں گھومتے ہیں، اس لئے وفاقی حکومت سے سیکیورٹی کی ضرورت ہے۔
جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے جرح کرتے ہوئے کہا کہ اب تو نگران حکومت کے پاس اتنے دن نہیں نئی حکومت آئے گی تو وہ فیصلہ کرے گی۔
جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے مزید کہا کہ نئی حکومت آئے گی تو وہ اس کو دیکھے گی, قانون کے مطابق ان کا حق بنتا ہے تو وہ دیں گے۔
جسٹس سید ارشد علی نے کہا کہ صوبائی حکومت تو آپ کی ہے, وفاق نہیں دے گی تو صوبائی حکومت تو سیکیورٹی دے گی۔
وکیل درخواست گزار نے سماعت کے دوران کہا کہ اسد قیصر قومی اور صوبائی اسمبلی دونوں کے سپیکر رہ چکے ہیں۔ اس پر جج نے کہا کہ اسد قیصر اب ممبر قومی اسمبلی بھی ہیں,
جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کا کہنا تھا کہ 20 دن بعد اس کیس کو سنیں گے تب تک نئی حکومت بھی قائم ہو جائے گی۔ بعد ازاں عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کا عمران خان جیسی سہولیات کا مطالبہ