شہباز شریف

شہباز شریف دوسری مرتبہ وزیراعظم پاکستان منتخب

ویب ڈیسک: قومی اسمبلی نے مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کودوسری مرتبہ وزیراعظم پاکستان منتخب کر لیا،16واں قائد ایوان کی نشست سنبھال لی ۔
قومی اسمبلی کے ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہونے والے اجلاس کی صدارت سپیکر سردار ایاز صادق کر رہے ہیں، اجلاس کے دوران اراکین قومی اسمبلی نے ووٹنگ کے ذریعے نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم کے لیے ہونے والے انتخاب کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف 201ووٹ لیکر وزیراعظم پاکستان منتخب ہو گئے ۔
ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے۔
قبل ازیں اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے اسپیکر کی ڈائس کے سامنے احتجاج شروع کر دیا تاہم بعد ازاں اپنی نشستوں پر چلے گئے۔
نئے قائد ایوان کے انتخاب کے عمل سے قبل سپیکر کے حکم پر5 منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں، گھنٹیاں بجائے جانے کے بعد ایوان کے دروازے بند کر دیے گئے اور اسپیکر کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ شہباز شریف کے حق میں جو اراکین ہیں لابی اے کی طرف چلے جائیں جبکہ عمر ایوب کے حق میں اراکین لابی بی میں چلے جائیں۔
جے یو آئی کے اراکین وزیراعظم کے انتخاب کی کارروائی کا حصہ نہ بنے اور قومی اسمبلی ہال کے دروازے بند ہونے سے قبل جے یو آئی کے اراکین ہال سے باہر چلے گئے جبکہ سردار اختر مینگل ایوان میں بیٹھے رہے اور انہوں نے کسی کو بھی ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔
حکمران اتحاد کی جانب سے وزارت عظمی کے منصب کیلئے شہباز شریف امیدوار تھے جبکہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب خان تھے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شہباز شریف کے قائد ایوان اور وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے کا اعلان کیا۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان