انعامی سکیم

خیبر پختونخوا:شہریوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے انعامی سکیم شروع کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا حکومت نے شہریوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے انعامی سکیم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔
اس حوالے سے بجٹ سے قبل تمام سٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لیاجائیگا جس کے بعد ٹیکس بڑھانے یا نیا ٹیکس لگانے سے متعلق مشاورت سے فیصلے لئے جائینگے ۔
ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی فوزیہ اقبال نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم کے دفتر میں ان سے ملاقات کی اور ان کو کے اتھارٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈائریکٹر جنرل نے مشیر خزانہ کو خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کو حاصل ہونے والے محاصل اور مختلف شعبہ جات پر ٹیکسز کی ریٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آنے والے مالی سال کے بجٹ کے لیے ٹیکس پالیسی کو تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد مرتب کیا جائے گا۔
انہوں نے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایات جاری کی کہ وہ تمام سٹیک ہولڈرز، ہوٹل مالکان، چیمبر آف کامرس، کاربارگین ایسوسی ایشن ،ریسٹورنٹس اونرز ایسوسییشن اور دیگر تجارتی تنظیموں کو بجٹ سے پہلے مشاورت کے لیے میٹنگ کی دعوت دیں۔
ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کی جانب سے ریسٹورنٹس اور ہوٹل سیکٹرز میں انعامی اسکیم کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ کاروبار کا اندراج کیا جا سکے اور کاروبار کرنے والے افراد اور اداروں کی حوصلہ افزائی ہو انعامی اسکیم کا انعقاد پورے خیبر پختونخوا بشمول ضم شدہ اضلاع میں کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  غیر قانونی مقیم افغانیوں کی بے دخلی کا سلسلہ ایران سے بھی جاری