چیف سیکرٹری کی تعیناتی

چیف سیکرٹری کی تعیناتی پر وفاق اور صوبائی حکومت میں تنازعہ

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری کی تعیناتی کے معاملے پر وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان پہلا تنازعہ شروع ہو گیا ہے ۔
صوبائی حکومت نے موجودہ چیف سیکرٹری کو تبدیل کرتے ہوئے شہاب علی شاہ کی تعیناتی کی درخواست کی ہے جس کے جواب میں وفاقی حکومت نے ایک نام کی بجائے تین ناموں کا پینل بھجوانے کی ہدایت کردی ہے ۔
وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان کی جانب سے وفاقی حکومت کو ارسال خط میں کہا گیا تھا کہ گریڈ 21کے موجودہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کو تبدیل کرتے ہوئے ان کی جگہ گریڈ 21کے شہاب علی شاہ کو تعینات کیاجائے جن کی خدمات اس وقت بلوچستان حکومت کے سپرد ہیں ۔
ذرائع کے مطابق اس خط کے جواب میں وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو قانون کے مطابق تین ناموں کا پینل ارسال کرنے کی ہدایت کردی ہے جن میں سے کسی بھی ایک نام کو وزیر اعظم پاکستان تجویز کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں چیف سیکرٹری تعینات کریںگے ۔
ندیم اسلم چوہدری کو وفاقی حکومت نے مارچ 2023میں خیبر پختونخوا کا چیف سیکرٹری تعینات کیا تھا ۔
صوبائی حکومت کی جانب سے مجوزہ شہاب علی شاہ اس سے قبل خیبر پختونخوا میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے عہدے پر طویل عرصہ تک کام کرچکے ہیں اور پی ٹی آئی کے بیشتر ترقیاتی منصوبوں کے نگران رہے ہیں ۔

مزید پڑھیں:  تعجب ہے، نیب ترامیم کیس 53 سماعتوں تک چلایا گیا، چیف جسٹس