حماس کاشہباز شریف کو خط

حماس کی اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے پاکستان سے اقدامات کی اپیل

ویب ڈیسک: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل جارحیت روکنے کے لئے پاکستان سے موثر اقدامات کی اپیل کردی ۔
خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے سربراہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا ہے جس میں انہیں دوسری بار وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور ان سے اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے سیاسی ، سفارتی اور قانونی پلیٹ فارمز پر موثر اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔
اسماعیل ہنیہ نے اپنے خط میں مزید کہا ہے کہ غیرمشروط جنگ بندی کے لیے اسرائیل کی حمایت کرنے والے ممالک پر دبا ئوڈالا جائے۔
سربراہ حماس نے اس عزم کا بھی اظہار کیا ہے کہ ہم فلسطینی کاز کے خاتمے کے تمام منصوبوں کا مقابلہ کریں گے چاہے اس کے لیے ہمیں کوئی بھی قیمت کیوں نا چکانی پڑے اور کتنی ہی قربانیاں کیوں نا دینی پڑیں۔
اپنے خط میں اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کو خوراک، ادویہ اور رہائش کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور فلسطین کو دنیا سے ملانے والے تمام راستے کھولے جائیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی اشیا کی ترسیل ممکن ہوسکے۔
وزیراعظم پاکستان کے نام اپنے خط میں اسماعیل ہنیہ مزید لکھتے ہیں کہ اسرائیل کے بھیانک جرائم کو آشکار کرنے اور اس کے خلاف مقدمہ چلانے میں مدد کی جائے، اور صہیونی ریاست کے جاری جنگی جرائم اور غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی پاداش میں اسے سیاسی اور سفارتی سطح پر تنہا کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
سربراہ حماس کا اپنے مکتوب میں کہنا ہے کہ مسائل کا خاتمہ فلسطین کی آزادی کے بعد ہی ممکن ہے، اور یہ آزادی علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر نئے مراحل کے آغاز میں مددگار ہوگی۔
اسماعیل ہنیہ کے مطابق عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں اور حقوق انسانی کے اداروں کی سفارشات کے باوجود دنیا غاصب اسرائیل پر دباؤڈالنے اور اسے غزہ کے فلسطینیوں کی نسل کشی سے باز رکھنے میں ناکام رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  حکومت عوام کو سڑکوں پر آنے کیلئَے مجبور کر رہی ہے، شیخ رشید