وزیر دفاع

افغانستان کیخلاف طاقت کااستعمال آخری چارہ ہے،وزیر دفاع

ویب ڈیسک: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کابل کے ساتھ مسلح تصادم نہیں چاہتا، افغانستان کے خلاف طاقت کا استعمال آخری چارہ ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہپاکستان افغانستان کی بھارت کے ساتھ تجارتی راہداری بند کرسکتا ہے، افغانستان اپنی سرزمین پرپاکستان مخالف دہشت گردوں کو روکنے میں ناکام رہتا ہے تو راہداری بند کرسکتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پیغام بھیجنے کی ضرورت ہے کہ سرحد پار دہشت گردی بہت بڑھ چکی ہے، پاکستان کابل میں ڈی فیکٹو حکمرانوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہے کہ ہم معاملات اس طرح جاری نہیں رکھ سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ فروری 2023 میں کابل کے دورے میں طالبان وزرا سے کہا تھا کہ وہ ٹی ٹی پی کے ماضی کے احسانات کی وجہ سے کابل کے ہاتھ نہ باندھیں، اگر ٹی ٹی پی نے آپ پر احسان کیا ہے اور آپ ان کے شکرگزار ہیں تو ان پر قابو رکھیں، ٹی ٹی پی کو ہمارے ساتھ جنگ شروع نہ کرنے دیں، آپ ان کے اتحادی نہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے افغانستان ٹی ٹی پی کو قابو میں رکھنے کا واحد مطالبہ پورا کرے گا۔
انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ افغانستان مستقبل میں پاکستان سے فوجی کارروائی کی ضرورت کو روکے گا ۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر وہ ہمیں نقصان پہنچا سکتے ہیں تو ہم جوابی کارروائی پر مجبور ہوجائیں گے۔

مزید پڑھیں:  لکی مروت میں بارش و ژالہ باری، گندم سمیت دیگر کھڑی فصلیں متاثر