خودکش حملہ

ڈی آئی خان میں فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ، 2جوان شہید

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2جوان شہید ہو گئے ہیں
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خود کش بمبار نے اپنی گاڑی سکیورٹی فورسز کے کانوائے سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں نائب صوبیدار یاسر شکیل اور سپاہی طاہر نوید شہید ہوئے۔
شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس میں پاک فوج کے دو افسران سمیت 8 جوان شہید ہوئے تھے۔
اس کے علاوہ دہشتگردوں نے گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی میں بھی حملہ کرنے کی کوشش کی تھی جسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا تھا، دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران 2 جوان شہید بھی ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں:  غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کیخلاف آپریشن تیز کرنے کا حکم