مفت وائی فائی

پشاور کے عوامی پارکس میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پشاور کے عوامی پارکس میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پشاور کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پشاور کے تمام عوامی پارکس میں مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو جملہ معاملات کو حتمی شکل دے کر منظوری کے لئے پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اگلے مرحلے میں یہ سہولت صوبے کے دیگر شہروں میں شروع کی جائے گی۔
علی امین گنڈا پور نے شہریوں کی سہولت کے لئے ناصر باغ روڈ پر جلد بی آر سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کردی ہے۔
شہر کی تزین و آرائش کے لئے پشاور ڈویلمپنٹ اتھارٹی کو مفصل پلان تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہر کی تزئین و آرائش کے لئے ایسے اقدامات تجویز کئے جائیں جو پائیدار ہوں، سڑکوں کے اطراف میں لگے کھمبوں پر خوبصورت گملے نصب کرکے ان میں مصنوعی پودے اور پھول لگائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اور ہیڈ پلوں اور عمارتوں پر صوبے کی ثقافت کو اجاگر کرنے والی خطاطی اور نقش و نگار کندہ کیے جائیں اور اس مقصد کے لئے نجی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں سٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے پر کام کیا جائے، جہاں ضرورت ہو اور ہیڈ پلوں کی بجائے انڈر پاسز تعمیر کئے جائیں، ورسک روڈ تا ناصر باغ رنگ روڈ کے باقی ماندہ حصے کی تعمیر کا کام جلد شروع کیا جائے جبکہ یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کے رش کو کم کرنے کے لئے بی آر ٹی کوریڈور کے اطراف سڑک کی بحالی پر کام کا آغاز کیا جائے۔

مزید پڑھیں:  مہمند، قبائیلی مشران کی 22 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کے خلاف گریڈ سٹیشن کا گراؤ کی دھمکی