خیبرپختونخوا کابینہ

خیبرپختونخوا کابینہ: عید پیکیج سمیت دیگر سکیموں کی منظوری

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا دوسرا اجلاس،ایک ارب 15 کروڑ روپے کے عید پیکیج سمیت دیگر سکیموں کی منظوری دے دی گئی ۔
اجلاس میں خیبر پختونخوا کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، آئی جی پی اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی ۔
عیدپیکیج کے تحت صوبائی اسمبلی کے ہر حلقے میں ایک ہزار مستحق افراد کو 10، 10 ہزار روپے دیے جائیں گے اس پیکیج پر 1.15 ارب روپے لاگت آئے گی۔
کابینہ نے 2050 پولیس شہدا کے خاندانوں کو بھی 10، 10 ہزار روپے عید پیکیج دینے کی منظوری دی۔
علاوہ ازیں ضم اضلاع میں پولیس کو گاڑیوں اور دیگر جدید آلات کی فراہمی کے لیے اسکیم کی منظوری دی گئی، جس کے تحت 7.67 ارب روپے کی لاگت سے گاڑیاں اور جدید آلات خریدے جائیں گے۔
کابینہ نے سرکاری محکموں میں بھرتیوں کے لیے نجی ٹیسٹنگ ایجنسیوں سے اسکریننگ ٹیسٹ لینے کے معاملے پر کمیٹی تشکیل دے دی، جو 15 دنوں میں سرکاری ٹیسٹنگ ایجنسیوں کی استعداد بڑھانے سمیت دیگر متعلقہ معاملات پر حتمی سفارشات پیش کرے گی۔
کابینہ اجلاس میں ڈیجیٹل رائٹ آف وے پالیسی کی بھی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں پاکستان ڈیجیٹل سٹی کے قیام کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے درمیان معاہدے کی بھی منظوری دی گئی۔
علاوہ ازیں اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران پیڈو کی تعیناتی کے لیے رولز کی منظوری دیدی گئی۔

مزید پڑھیں:  لوئر دیر: میدان سوری پاؤ میں گھر کا چھت گر گیا، گائے اور بکریاں ہلاک