عطاء تارڑ

آئی ایم ایف اہداف :وزیراعظم نے وزارتوں کو ٹاسک دیا ہے،عطاء تارڑ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے وزارتوں کو آئی ایم ایف کے اہداف پورے کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے ۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کل وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، ہر وزارت کو قلیل المدت، وسط مدت اور طویل المدت اہداف دیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا وزیراعظم نے وزارتوں کو اہداف کے مطابق ٹاسک دیے ہیں، ہر وزارت کو حقیقت پر مبنی اہداف دیے گئے ہیں، ٹیکنالوجی کے ذریعے وزارتوں کی کارکردگی کو جانچاجائے گا اور کابینہ اجلاس میں وزارتوں سے جواب طلبی کی جائے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا وزیراعظم نے وزارتوں کو آئی ایم ایف اہداف پورے کرنے کا ہدف دیا ہے، وزارت خزانہ کو مہنگائی میں کمی لانے، قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ اور ایف بی آر کی ڈیجیٹلائز کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا وزارت داخلہ کو غیر قانونی اسلحے کے خلاف کریک ڈان کا ہدف دیا ہے جبکہ وزارت تجارت کو تجارتی خسارے کو کم کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے، اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے بھی ٹارگٹ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کے حوالے سے بھی اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دوست ممالک کے درمیان تجارتی معاہدوں سے متعلق بھی اہداف دیے گئے ہیں، 30 اپریل تک وزارت تجارت کو کابینہ میں قومی صنعتی پالیسی منظور کرانے کا ہدف دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا خود احتسابی کا بھی نظام وضع کیا گیا ہے، اہداف کی نگرانی کیلئے جدید نظام وضع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور وزارتوں کو پہلی بار اہداف سے تحریری طور پرآگاہ کیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزارت نجکاری کو پی آئی اے کی نجکاری کا ہدف دیا گیا ہے، پی آئی اے سے متعلق مذاکرات کامیابی سے منطقی انجام تک پہنچ چکے ہیں، پی آئی اے کی نجکاری ہو گی تو حکومت کو اس مد میں ریونیو آئے گا۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ کا کرم میں جائیداد تنازعے پر جھڑپوں کا نوٹس ،فوری اقدامات کی ہدایت