وزیراعظم

غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ ترجیح ہے،وزیراعظم

ویب ڈیسک :وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیلنجز کو مواقع میں بدلنے کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ ہماری اولین ترجیح ،سرمایہ کاروں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت خلیجی ممالک سے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی وزارتوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے جدت اور تحقیق کے لیے خصوصی سیلز قائم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام سے سر مایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایسے منصوبے جو سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی استعداد رکھتے ہیں ان کی فزیبیلٹی اسٹڈی کروائی جائے اور اس حوالے سے بین الاقوامی شہرت کے حامل ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔
وزیراعظم نے تمام وزارتوں کو خلیجی ممالک کے ساتھ اپنے متعلقہ مفاہمتی یادداشتوں پر پیش رفت کے حوالے سے ان ممالک کے ساتھ اپنے روابط میں مزید بہتری لانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مظفرگڑھ ، لیہ اور جھنگ کے شمسی توانائی کے منصوبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے تمام تر ضروری تقاضے پورے کیے جائیں۔
وزیراعظم کی جانب سے ریکو ڈک سے گوادر بندرگاہ تک ریلوے کنیکٹوٹی کے لئے فزیبیلٹی اسٹڈی کروانے کا بھی کہا گیا۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ چنیوٹ آئرن اور منصوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں اورتھر کول کی پاور پلانٹس تک رسائی کے لیے ریلوے لائن پر کام شروع کیا جائے ۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ گوادر پورٹ کی ڈریجنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے جس کے بعد اب وہاں بڑے بحری جہاز لنگر انداز ہو سکتے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ خلیجی ممالک سے توانائی خصوصا قابل تجدید توانائی ، آئیل ریفائننگ، کان کنی، غذائی تحفظ ، بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز ، لاجسٹکس ، واٹر سپلائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے شعبوں میں کثیر سرمایہ کاری متوقع ہے۔

مزید پڑھیں:  باڑہ میں نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی