ہاتھ بڑھانے کیلئے تیار

حکومت پی ٹی آئی کی طرف ہاتھ بڑھانے کیلئے تیار

ویب ڈیسک: حکومت ملک میں سیاسی استحکام لانے کے لئے پی ٹی آئی کی طرف ہاتھ بڑھانے کے لئے تیار ہو گئی ہے ۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ سیاسی استحکام کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی طرف ہاتھ بڑھانے کو تیار ہیں لیکن پی ٹی آئی بھی سیاسی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
اسلام آبا د میں مصدق ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ بڑے اچھے طریقے سے سیاسی معاملات اور اتحاد آگے بڑھ رہا ہے، اس کی حمایت غیر مشروط ہے، ماضی میں بھی پیپلزپارٹی نے غیر مشروط حمایت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام معاشی استحکام سے جڑا ہے ، نوک جھونک چلتی رہے گی ملک کو چلنے دیا جائے۔
وفاقی وزیر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں جب تیل کی قیمت بڑھتی ہے تو سب متاثر ہوتے ہیں ، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام آئے گا تو معاشی استحکام آئے گا، شہباز شریف پہلے بھی چارٹر آف اکنامی کی پیشکش کر چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  متحدہ عرب امارات میں 16سال کے بچے امام مسجد بنیں گے