وزیر اعظم

آئی ایم ایف پروگرام ناگزیر،شرائط آسان نہیں ہوں گی :وزیر اعظم

ویب ڈیسک: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے خبردار کیا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط آسان نہیں ہوں گی تاہم عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ پروگرام معیشت کی بحالی کے لیے نا گزیر ہے۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس مہینے آئی ایم ایف سے اگلی قسط مل جائے گی جبکہ آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کے لیے وزیرخزانہ کی میٹنگ ہوگی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے، معاشی اعشاریوں میں بہتری اور مہنگائی میں بتدریج کمی آرہی ہے، معاشی استحکام سے ہی غربت کا خاتمہ ممکن ہے، غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے شیڈول پر مکمل عمل درآمد ہوگا، ائیرپورٹس کے معاملے پر ترک کمپنی کا وفد پاکستان آئیگا، طے کیا تھا ممکنہ سرمایہ کاروں کو پاکستان بلائیں، ائیرپورٹس کی آٹ سورسنگ کاکام جاری ہے، کراچی اور لاہور کے ہوائی اڈوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے آراستہ کریں گے۔

مزید پڑھیں:  جمہوری لوگ ہیں،گورنر راج نہیں چاہتے:فیصل کریم کنڈی