کروڑوں روپے کی منشیات

وادی تیراہ میں کروڑوں روپے کی منشیات پکڑی گئی،8ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک: ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں کسٹم انٹیلی جنس اور فرنٹیئرکور (ایف سی)نارتھ نے منشیات فروشوں کے خلاف دو بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرکے 8ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹیگیشن پشاور کے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ایف بی آر اسلام آباد کوخفیہ اطلاعات موصول ہوئی کہ افغانستان سے کسی بھی وقت مزدوروں کی روپ میں بھاری مقدار میں منشیات براستہ ضلع خیبر علاقہ راجگل پاکستان اسمگل کی جائے گی۔
ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس اسلام آباد نے خفیہ معلومات ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس پشاور شفقت علی خان کو فراہم کیں اور معلومات کو مصدقہ جان کر باہمی مشاورت کے بعد تمام تر خفیہ اطلاعات کو ایف سی 215 ونگ تیراہ اور 106 ونگ جڑوبی سیکٹر تیراہ کو فراہم کیا۔
مزید کارروائی کے لیے ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس پشاور شفقت علی خان نے ڈپٹی ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس پشاور امانت خان کی قیادت میں اسپیشل ٹیم وادی تیراہ راجگل اور زیڑئی سر کو روانہ کی۔
فرنٹیئر کور اور کسٹم انٹیلی جنس کی باہمی مربوط حکمت عملی کے تحت پہلی کارروائی وادی تیراہ کے علاقہ زیڑئی سر میں کی گئی جہاں ناکہ بندی کے دوران مزدوروں کا روپ دھار کرکندھوں پہ بھاری مقدار میں منشیات وادی تیراہ پاکستان منتقل کیا جارہی تھی۔
اس دوران کسٹم اور ایف سی اہلکاروں نے 38 کلوگرام اعلی کوالٹی چرس اور ساڑھے 6 کلوگرام آئس برآمد کرلی تاہم اس دوران ملزمان فورسز کو دیکھ کر منشیات چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
برآمد کی جانے والی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت 103 ملین روپے بنتی ہے، جس میں چرس 3 کروڑ 80 لاکھ اور آئس 6 کروڑ 50 لاکھ روپے شامل ہیں۔
کسٹم حکام کے مطابق دوسری کارروائی دور افتادہ وادی تیراہ راجگل کے مقام پر کی گئی جہاں مشترکہ ناکہ بندی کیدوران 92 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی چرس برآمد کرکے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پکڑی گئی چرس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت 9 کروڑ 20 لاکھ روپے بنتی ہے،ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے پشاور کسٹم اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق گرفتار ملزمان بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک سے ہیں اور منشیات سے حاصل ہونے والی آمدنی کا زیادہ حصہ دہشت گردی کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں:  قومی ویمنز کرکٹرز کو فٹنس بہتر بنانے کیلئے کاکول بھیجنے کا فیصلہ