پاکستان میں معاشی بحالی اصلاحات پر عملدرآمد میں مضمر ہے، اے ڈی بی

ویب ڈیسک: ایشیائی ممالک میں شرح نمو کے حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بینک نے سالانہ رپورٹ جاری کر دی۔
ذرائع کے مطابق اے ڈی بی کی سالانہ آؤٹ لک رپورٹ برائے 2024 میں بتایا گیا ہے کہ ایشیائی ممالک میں شرح نمو 4 اعشاریہ 9 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
اسکے علاوہ امکان واثق ہے کہ خطے میں مہنگائی کی بڑھتی لہر کو بھی بریک لگ سکتی ہے۔
اے ڈی بی کی سالانہ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستانی معیشت سیاسی غیر یقینی اور سیلاب کے باعث متاثر ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان میں گزشتہ سال مہنگائی کا پارہ گزشتہ پانچ دہائیوں سے زیادہ ہائی رہا جس میں اگلے مالی سال کمی کا امکان ہے۔
اے ڈی بی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اگر اس حوالے سے اصلاحات کی گئیں اور ان پر عملدرآمد کیا گیا تو معاشی بحالی کا عمل اسی سال سے آغاز پا سکتا ہے۔
رپورٹ میں پاکستان کی شرح نمو رواں مالی سال 1 اعشاریہ 9 فیصد جبکہ آئندہ مالی سال 2 اعشاریہ 8 فیصد ہونے کا امکان ہے۔
آؤٹ لک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں رواں مالی سال مہنگائی 25 فیصد کی اونچی اڑان بھر رہی ہے جبکہ آئندہ مالی سال اس میں کمی کا امکان ہے۔
دوسری جانب رپورٹ میں چین اور بھارت کے حوالے سے بھی اعداد و شمار شیئر کئے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  سرکاری منصوبوں پر وفاق اور صوبائی حکومتوں کو تشہیر سے روک دیا گیا