4افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں سے 4افراد جاں بحق،7زخمی

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران تیز بارشوں کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 7زخمی ہو گئے ۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ابتدائی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 3بچے اور ایک مرد جبکہ زخمیوں میں 3 خواتین ، 3مرد اور 1بچہ شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور پر 15مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 2 گھروں کو مکمل جبکہ 13گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
تیز بارش کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع دیر اپر، چترال لوئر، سوات اور بونیر میں رونما ہوئے ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کے متاثرین میں امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ،لوئر چترال کے متاثرین کے لئے پی ڈی ایم اے کے ییرہائوس سے 200خیمے راوانہ کر دئیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو اضلاع میں امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ چترال لوئر میں کئی بند شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔
مزید بند سٹرکوں کو فوری ٹریفک کے لئے بحال کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم اے، تمام ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اور امدادی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔

مزید پڑھیں:  لنڈی کوتل، گرینڈ قومی جرگہ نے دو گھنٹے بجلی فراہمی کا شیڈول مسترد کر دیا