تشویش کا اظہار

اسرائیل پر حملہ، پاکستان کا بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار

ویب ڈیسک: پاکستان نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے بعد خطے میں بڑھتی کشیدگی اورمشرق وسطی کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو مشرق وسطی کی بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش ہے، پاکستان نے کئی ماہ سے غزہ میں جنگ بندی کے لئے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 2 اپریل کو پاکستان نے شام میں ایرانی قونصل خانہ پر حملے کو ایک بڑی کشیدگی کا پیش خیمہ قرار دیا تھا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آج کی پیش رفت سفارت کاری کے ٹوٹنے کے نتائج کو ظاہر کرتی ہے، یہ صورتوں میں سنگین مضمرات کو بھی واضح کرتے ہیں جہاں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے قاصر ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اب صورتحال کو مستحکم کرنے اور امن کی بحالی کی اشد ضرورت ہے، ہم تمام فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انتہائی تحمل سے کام لیں اور کشیدگی کو کم کرنے کی طرف بڑھیں۔

مزید پڑھیں:  محنت کش طبقے کےحقوق کاتحفظ کئے بغیر ترقی ناممکن ہے، علی امین گنڈاپور