آئی ایم ایف پروگرام

آئی ایم ایف پروگرام،30لاکھ ریٹیلرزکوٹیکس نیٹ میں لانےپرکام شروع

ویب ڈیسک: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف )سے نئے قرض پروگرام کے حصول کے لئے حکومت پاکستان نے 30 لاکھ ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے پر کام شروع کردیا ہے ۔
آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں کا آغاز آج سے واشنگٹن میں ہو گا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں پاکستانی وفد اجلاسوں میں شرکت کرے گا۔
ذرائع کے مطابق وزارتی اور اہم اجلاس 17اپریل سے 19 اپریل کے دوران شیڈول ہیں، وزیر خزانہ کی ایم ڈی آئی ایم ایف اور صدر عالمی بینک سے ملاقاتیں ہوں گی، وزیر خزانہ کی دوست ممالک کے وزرا خزانہ اور امریکی حکام سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
ذرائع وزارت خزانہ کا بتانا ہے کہ آئی ایم ایف کو قرض کے نئے پروگرام کے لیے درخواست کی جائے گی، نئے قرض پروگرام کی شرائط طے کرنے کیلئے آئی ایم ایف مشن مئی میں پاکستان کا دورہ کر سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے قرض پروگرام کے لیے ابتدائی پلان پرکام ہو رہا ہے، آئی ایم ایف کا نیا قرض پروگرام 3 سال کیلئے ہو گا جس کا پیکیج 6 سے 8 ارب ڈالر کا ہو سکتا ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق نئے پروگرام کے تحت ایف بی آر میں جاری اصلاحات کو تیز کیا جائے گا اور اس حوالے سے حکومت نے 30 لاکھ ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی کو ایک بار پھر اسمبلیوں سے استعفے کا مشورہ مل گیا