خودکش حملہ

کراچی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پرخودکش حملہ،2 دہشتگرد ہلاک

ویب یسک: کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی اسٹاپ کے قریب خودکش دھماکے میں 2افراد ہلاک ہو گئے، پولیس کے مطابق خودکش دھماکے اور فائرنگ سے ہلاک دونوں افراد حملہ آور تھے۔
ایس ایس پی ملیر طارق مستوئی کے مطابق گاڑی پرخودکش حملہ ہوا ہے، دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے واقعہ پر پہنچیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کرکے واقعے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق جس گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے اس میں غیر ملکی سوار تھے، دھماکے کے وقت فائرنگ بھی کی گئی تھی، دھماکے میں تین افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو پائی ہے تاہم دھماکے میں زخمی ہونے والے دو افراد 45سالہ نور محمد اور 45لنگر خان کے ناموں سے شناخت ہوئی ہے دونوں سکیورٹی گارڈ تھے اور غیر ملکیوں کی حفاظت کیلئے ان کے ساتھ گاڑی میں موجود تھے۔
پولیس کا کہنا ہے دھماکے کا نشانہ بننے والی غیر ملکیوں کی گاڑی کے قریب موٹرسائیکلیں بھی ملی ہیں، دھماکے کے نتیجے میں متاثرہ گاڑی کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
پولیس کے مطابق خودکش حملے کا نشانہ بننے والی وین میں5غیر ملکی سوار تھے، وین میں سوار تمام غیر ملکی محفوظ ہیں۔
غیرملکیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیاگیاہے، ایک خودکش حملہ آور دھماکے میں ہلاک ہوا جبکہ اس کے دوسرے ساتھی کو پولیس نے فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔
پولیس کا کہنا ہے ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقابلے میں مارا گیا دوسرا دہشتگرد بھی خود کش بمبارتھا، ہلاک دہشتگرد کے جسم سے خود کش جیکٹ اور گرینیڈ بندھا ہوا ہے، دھماکے کی جگہ کے قریب موجود ایک گاڑی اور موٹر سائیکل کو نقصان پہنچا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم اس جگہ کا معائنہ کرے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ایکسپورٹ پروسسنگ زون میں کام کرتے ہیں، وین کو موٹرسائیکل پر سوار خود کش بمبار کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جائے وقوع سے کلاشنکوف اور دستی بم سے بھرا بیگ بھی ملا ہے۔
ہسپتال حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے زخمیوں میں نور محمد، لنگر خان اور سلمان رفیق شامل ہیں، 2کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے کے زخمیوں میں کوئی غیر ملکی شامل نہیں ہے۔

مزید پڑھیں:  پیپلز پارٹی کے رہنماء سید ظفر علی شاہ سے پڑانگ ماجوکی کے وفد کی ملاقات