خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ، امدادی کارروائیاں جاری

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کے ساتھ ساتھ کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ واقعات بھی نوٹ کئے گئے۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے لینڈ سلائیڈنگ واقعات کے بعد امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سوات، چترال اور خیبر میں شدید بارشوں کی وجہ سے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رونما ہوئے جس کے بعد پاک فوج کی جانب سے امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔
ضلع سوات کے علاقوں مٹہ اور بحرین میں شدید بارشوں کے بعد منکیال سے کالام جانے والی سڑک لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہو گئی ۔ اس سے کئی علاقوں کا آپس کا نہ صف رابطہ کٹ گیا بلکہ مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کے دستوں نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
امدادی کارروائیوں میں پاک فوج کے جوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور نہ صرف سیاحوں کو کھانے پینے کی اشیاء پہنچائیں بلکہ انہیں ریسکیو کرتے ہوئے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
ضلع چترال میں مختلف مقامات پر شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رونما ہوئے۔ یہاں بھی پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
اس دوران پاک فوج کی جانب سے مسافروں کے لئے خصوصی میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا جہاں انہوں نے مسافروں کا مفت طبی معائنہ کیا اور انہیں مفت ادوایات بھی فراہم کیں۔
یاد رہے کہ ریسکیو آپریشن کے بعد چترال کی کئی سڑکوں کو بحال کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ضلع خیبر کے علاقہ شلمان میں بھی لینڈ سلائیڈنگ واقعات کے بعد پاک فوج کی جانب سے کارروائیاں جاری رہیں اور رابطہ سڑک بحال کر دی گئیں۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوامیں میٹرک امتحانات کی شفافیت کیخلاف پروپگنڈا گمراہ کن قرار