ضمنی انتخابات، امید ہے فارم 45 کو فارم 47 کا رزلٹ نہیں دیا جائیگا، بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ الیکشن کمیشن اس دفعہ فارم 45 کو فارم 47 کا رزلٹ نہیں دے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں پرامن انداز میں ضمنی انتخابات کے انعقاد کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ صوبہ کے 4 حلقوں میں ہونیوالے ضمنی انتخابات کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ تقریبا 6 ہزار پولنگ سٹیشنز کیلئے 9 ہزار کے قریب پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب اس لئے کیا جا رہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو پرامن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے پرامن ماحول مہیا کرنا چاہتی ہے۔
مشیر اطلاعات نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ انتخابی عمل میں حصہ لیں اور ووٹ پی ٹی آئی امیدواروں کے حق میں استعمال کریں کیونکہ ریاست کو مستحکم کرنا، حقیقی آزادی یقینی بنانا یہ سب کچھ عوام کے ووٹ سے ہی ممکن ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ الیکشن کمیشن اس دفعہ فارم 45 کو فارم 47 کا رزلٹ نہیں دے گی۔ اس کے باوجود اگر اب کی بار ایسا کوئی نتیجہ برآمد ہوا تو اس کے سنگین نتائج بر آمد ہونگے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف اور صوبائی حکومت کسی صورت اس قسم کے اقدامات کی اجازت نہیں دے گی۔

مزید پڑھیں:  دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کردیاگیا