پشاور، انسداد پولیو مہم، مقرر اہداف کا حصول ٹیم ورک سے ممکن ہے، علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو انسداد پولیو پروگرام کے مختلف پہلوؤں، چیلنجز اور لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے اجلاس میں انسداد پولیو مہمات کو کامیاب بنانے کے لئے تمام شراکت داروں کے مابین کوآرڈینیشن مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بہتر ٹیم ورک کے ذریعے اہداف کا حصال ممکن ہے۔
انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہمات کے آپریشنل معاملات کو بہتر بنانے اور انکاری والدین کو قائل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔
وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اس سلسلے میں مقامی علمائے کرام اور منتخب عوامی نمائندوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔ اس کے ساتھ ہی ریفیوزل کیسز کا خصوصی جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کے حوالے سے حساس علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے جبکہ ان علاقوں کے لئے اضافی وسائل مختص کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے نئے عزم کے ساتھ کام کرے گی۔
اجلاس میں انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ فرنٹ لائن پولیو ورکرز اور ان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار ہمارے ہیرو ہیں۔ حکومت فریضے کی ادائیگی کے دوراں جانیں قربان کرنے والے اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے۔

مزید پڑھیں:  غیر قانونی بھرتیاں: پرویز الٰہی کی عدم حاضری کے باعث فرد جرم عائد نہ ہوسکی