خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشیں، 16 افراد جاں بحق، 14 زخمی

ویب ڈیسک: صوبہ خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشیں تھم گئیں لیکن اس سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں جانکاری کا سلسلہ جاری ہے۔
صوبہ بھر کے مختلف اضلاع جمرود، دیر بالا، مردان، باجوڈ، مالاکنڈ، نوشہرہ اور بنوں سمیت دیگر اضلاع میں مجموعی طور پر 16 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطبق ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں طوفانی بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں گھروں کے چھتیں و دیواریں گر گئیں۔ ان طوفانی بارشوں سے مختلف علاقوں میں موجود ندی نالوں میں طغیانی بھی دیکھی گئی۔
ذرائع کے مطابق تحصیل باڑہ کمرخیل میں کمرے کی چھت گرنے سے ایک بچی جاں بحق جبکہ خاتون زخمی ہو گئی۔
طوفانی بارشوں کے ساتھ ہی بجلی ٹرپ کر گئی جبکہ اس صورتحال میں ضلعی انتظامیہ کسی قسم کی سپورٹ فراہم کرنے میں یکسر ناکام رہی۔
ضلع دیر بالا میں طوفانی بارشیں کئی جانیں بہا لے گئیں۔ طوفانی بارشوں کی وجہ سے 2 بچے جاں بحق جبکہ 8 افراد بے ہوش ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق نہاگدرہ سے دس افراد پیدل سوات جارہے تھے کہ راستے میں طوفانی بارش میں پھنس گئے اور بے ہوش ہو گئِے۔ ایسے میں اہالیان علاقہ نے بے ہوش افراد کو واڑی ہسپتال منتقل کر دیا۔
ضلع مردان میں طوفانی بارشیں اس قدر ہوئیں کہ اس سے کئِ مکانات کی چھتیں بھی گر گئیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ مردان کےعلاقہ سوکئی میں پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق طوفانی بارش سے خستہ حال مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون دو بچیوں سمیت جاں بحق ہوگئیں۔
اس واقعہ میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں کمرے کا چھت گرنے سے 2 افراد ملبے تلے دب گئے۔
ان کو نکالنے کیلئے ریسکیو1122 نے کوئک رسپانس دیتے ہوئے آپریشن کیا اور دونوں افراد کے جسد خاکی ملبے کے نیچے سے نکال لئے۔
باجوڑ کی تحصیل خار لوئی سم لرہ قلعہ میں بارش کیوجہ سے ایک اور کچے مکان کی چھت بھی گر گئی۔
اس واقعہ میں بھی ایک خاتون جاں بحق ہو گئیں جبکہ مال مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔
ضلع مالاکنڈ کی تحصیل درگئی کے علاقے شریف آباد میں کچے مکان کی چھت گرنے کا واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔
اس واقعہ میں باپ بیٹا جاں بحق جبکہ خاتون شدید زخمی ہو گئیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد معراج نامی شخص کے گھر کے کمرے کی چھت بارش کی وجہ سے مہندم ہوگئی جس سے کمرے میں سوئے باپ بیٹا جاں بحق جبکہ خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔
ریسکیو 1122 کی ٹیم نے جاں بحق باپ بیٹے اور زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کردیا ۔
طوفانی بارشیں نوشہرہ میں بھی کئی گھر اجاڑ گئی۔ ضلع نوشہرہ کے علاقے بارہ بانڈہ سوکئی خالی روخان (مردان کی حدود) میں جمشید نامی شخص کے مکان کی چھت گر گئی، جس کے ملبے تلے 3 افراد دب کر جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ ان جاں بحق افراد میں 2 بجے بھی شامل ہیں۔
ضلع نوشہرہ کے علاقے زیارت کاکا صاحب کے علاقے ولئی میں بھی بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی۔
ذرائع کے مطابق ولئی میں چھت گرنے سے میاں بیوی ملبے تلے دب کر شدید زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو ٹیم نے ہسپتال منتقل کر دیا۔
دوسری جانب ضلع بنوں میں بارش کی وجہ سے دو مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان واقعات میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔
ڈی سی بنوں کا کہنا ہے کہ نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے جبکہ متاثرین بارش کو امداد پہنچائی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل رفح پر حملہ سے باز رہے، انتونیو گوتریس