ایرانی صدر کی اہلیہ

ایرانی صدر کی اہلیہ ڈاکٹر جمیلہ علم الھدی کاپاکستان سویٹ ہوم کا دورہ

ویب ڈیسک: ایرانی صدر کی اہلیہ ڈاکٹر جمیلہ علم الھدی نے پاکستان سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ کیا۔
اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما ورکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹوزرداری بھی ہمراہ تھیں۔
ایرانی صدر کی اہلیہ نے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان(ہلال امتیاز)اور سویٹ ہوم کے بچوں سے ملاقات بھی کی۔
اپنے خطاب میں ایرانی صدر کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ جس قدر یتیم بچیوں کی پرورش اور تعلیم کا سہرا پاکستان سویٹ ہوم نے اٹھا رکھا ہے، پوری دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی۔
آج یہاں ا کر مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے ،جس طرح ان بچوں نے ہمارا استقبال کیا ،وہ قابل فخر ہے ،زمرد خان سچے اور دیانت دار آدمی ہیں ،اللہ پاک ایسے لوگوں کی ضرور مدد کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ زمرد خان نے شہید بے نظیر بھٹو کے ساتھ کام کیا ہے، زمرد خان کا نام پوری دنیا میں پہچانا جاتا ہے، یتیم بچے بچیوں کی خدمت پر میں ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔
اس دوران آصفہ بھٹو نے بچوں سے بات کرتے ہوئے زمرد خان کی کاوشوں کو سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان کا کہنا تھا کہ وہ ایرانی صدر کی اہلیہ ڈاکٹر جمیلہ اور آصفہ بھٹو کے انتہائی مشکور ہیںجنہوں نے پاکستان سویٹ ہوم کا دورہ کیا اور ان کادل پاکستان سویٹ ہوم کے فرشتوں اور پریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان سویٹ ہوم کے لیے بہت بڑا دن ہے کہ ایرانی صدر کی اہلیہ اور آصفہ بھٹو تشریف لائے ۔

مزید پڑھیں:  عمران خان کی زندگی کو جیل میں خطرہ لاحق ہے ،شیر افضل مروت