سیاحت پہلی ترجیح، ایکو ٹوارزم کے فروغ کیلئَے پلان تیار کیا جائے، علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ سیاحت کا پہلا اجلاس منعقد ہوا ۔ اس موقع پر محکمہ کے انتظامی امور، ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ کے لائحہ عمل اور ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژنز میں قائم انٹیگریٹڈ ٹوارزم زونز پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے صوبے میں سیاحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے نئے اہداف مقرر اور پلان طلب کر لیا۔ اس دوران یہ بھی کہا گیا کہ سیاحت کے شعبے میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں ایکو ٹوارزم کے فروغ کے لیے پلان تیار کیا جائے جبکہ گنجان آباد سیاحتی مقامات پر متبادل بازار قائم کئے جائیں۔
وزیر اعلی نے کہا کہ نئے قائم سیاحتی مقامات کی پلاننگ میں کار پارکنگ ایریا کو بطور لازمی جز شامل کیا جائے کیونکہ اس کے نہ ہونے سے مسائل جنم لیتے ہیں۔
علی امین گنڈاپور کا اجلاس میں کہنا تھا کہ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو درکار تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شعبہ سیاحت حکومت کی پہلی ترجیح ہے، اس کے فروغ کے لیے معمول سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں:  پشاور:اساتذہ کی بورڈ امتحانات میں بار بارڈیوٹی لگانے پر پابندی عائد