آئی ایم ایف ایگزیکٹوبورڈاجلاس،پاکستان کوسٹینڈ بائی قسط ملنے کا امکان

ویب ڈیسک: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج ہونے جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق آج شام ہونے والے اس اہم اجلاس میں امکان ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کیلئے 1 اعشاریہ 1 ارب ڈالرز کی سٹینڈ بائی قسط کی منظوری دی جائے۔
اس حوالے سے وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کا کیس منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا جس کے بعد سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ کے تحت پاکستان کو تیسری اور آخری قسط موصول ہو گی۔
ذرائع کے مطابق سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ کے تحت پاکستان آئی ایم ایف سے 1 اعشاریہ 9 ارب ڈالر موصول کر چکا ہے۔
سٹینڈ بائے ارینجمنٹ معاہدہ میں رہتے پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ اہداف پر عملدرآمد کیا۔ اب اس نئے سٹینڈ بائی قسط کے بعد آئندہ ماہ کے وسط میں آئی ایم ایف کا مشن پاکستان کے ساتھ 7 سے 9 ارب ڈالر کے نئے امدادی پروگرام کیلئے مذاکرات کا آغاز کریگا۔
اس حوالے سے وزارت خزانہ کے ذرائع نے بھی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے قرض پروگرام کیلئے معاشی ٹیم کے مذاکرات آئندہ ماہ متوقع ہیں۔

مزید پڑھیں:  خال بازار کا بجلی ٹرانسفارمر 3 دن سے خراب، پانی ناپید، کاروبار ٹھپ