سخت کارروائی کا حکم

صدرمملکت کا کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم جاری کردیا ہے ۔
شہر قائد سمیت سندھ میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صدر آصف زرداری کی زیر صدارت وزیراعلی ہاؤس میں اہم بیٹھک ہوئی۔
اجلاس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی، وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار، آئی جی سندھ غلام نبی میمن، ڈی جی رینجرز و دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ نے کچے میں آپریشن اور سٹریٹ کرائمز کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کچے میں جو بھی اغوا میں ملوث ہیں اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
صدر مملکت نے وزیراعلی سندھ کو ہدایت کی کہ پولیس افسران کو ٹینیور دے کر ان سے بھر پور کام لیں، پولیس افسران کو اس صورت تبدیل کریں جب وہ امن امان کی صورتحال میں ناکام ہوں۔
صدر مملکت نے وزیر اعلی سندھ کو واضح احکامات دیے کہ زمینوں پر قبضوں پر میری زیرو ٹالرنس ہے، میں کسی صورت زمینوں پر قبضے کی اجازت نہیں دوں گا، انہوں نے چینی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے بھی خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت کو وفاق سے جو بھی اسلحہ اور دیگر سہولیات چاہئیں وہ مہیا کروائیں گے۔
صدر مملکت نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت دی کہ وہ سندھ حکومت کو اسلحہ اور دیگر سہولیات کیلئے ضروری اپرولز کروائیں۔
سینئر صوبائی وزیر برائے ایکسائیز اینڈ نارکوٹکس شرجیل میمن نے صدر مملکت کو منشیات کے حوالے سے آپریشن پر بریفنگ دی۔

مزید پڑھیں:  مانچسٹر ایئرپورٹ پر پاکستانی نژاد فیملی سے بدسلوکی پر انگلینڈ میں احتجاج