عمران خان کو رہا نہ کیا گیا تواسلام آباد کا گھیراؤ کریں گے ،علی محمد خان

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو فوری رہا نہ کیا گیا تو 9مئی سے فیصلہ کن تحریک کا آغاز کرکے پورے اسلام آباد کا گھیراؤ کریں گے ۔
انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن تحصیل تخت بھائی کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علی محمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان بارود اور ٹینکوں سے نہیں بلکہ نوجوانوں کی جدوجہد سیاسی بصیرت اور قلم کی طاقت سے آزاد ہوا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کسی بھی ڈیل کی اجازت نہیں دیتے مولانا فضل الرحمن حکومت کے خلاف ہماری تحریک میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن ہم کسی پر اعتماد نہیں کرسکتے کیوں کہ ان کی نظریں ہمیشہ اقتدار پر مرکوز ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9مئی کے موقع پر نہ سیکورٹی اداروں کا کوئی اہلکار شہید ہوا ہے اور نہ زخمی ،بلکہ پی ٹی آئی کے لاتعداد کارکنان بے دردی سے شہید ہوئے جبکہ سینکڑوں ملک کے مختلف جیلوں میں پابند سلاسل ہیں جو ایک محب وطن جماعت کے خلاف ایک بڑی سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج اڈیالہ جیل گوانتا نامو بے جیل کی شکل اختیار کر چکا ہے،پارٹی کے پرانے کارکنوں کو عمران خان سے ملاقاتوں کی اجازت ملنا دن بدن مشکل بنایا جا رہا ہے جس سے کارکنوں میں تشویش پائی جارہی ہے
اگر حکمران طبقہ ذوالفقار علی بھٹو جیسا سانحہ دہرانا چاہتا ہے تو انکی یہ سوچ انتہائی بچکانہ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ فارم 47کے ذریعے قائم جعلی حکومت کو عوام نے مسترد کیا ہے،پاکستانی عوام نے پی ٹی آئی اور عمران خان کو ووٹ دیا ہے مہنگائی اور بے روزگاری موجودہ حکومت کی مرہونِ منت ہے ۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت نے پاکستانی قوم کو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے حوالے کیا ہے ،عمران خان عالم اسلام کے واحد لیڈر ہیں جو امت مسلمہ کی جنگ لڑ رہے ہیں اگر قائد عمران خان کو فی الفور رہا نہ کیا گیا تو ملک کو جام کرنے سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ فارم 47حکومت نے عوام کی مینڈیٹ پر ڈاکہ اور جمہوری عمل کے سراسر منافی کرتے ہوئے عوامی رائے پر ڈاکہ ڈال کر جمہوریت کا جنازہ نکال دیاہے ۔
انہوں نے خبردار کیا کہ آگر عمران خان اور ملٹری کسٹڈی میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو رہا نہ کیا گیاتو 9مئی سے فیصلہ کن تحریک چلا کر پورے اسلام آباد کا گھیراؤ کریں گے ۔

مزید پڑھیں:  عمران خان کیخلاف ٹیریان کیس ایک سال بعد سماعت کیلئے مقرر