حکومت دو تہائی اکثریت سے محروم ہوگئی ہے، بیرسٹرگوہر

ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی حکم کے بعد حکومت دو تہائی اکثریت سے محروم ہو گئی ہے ۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہرکا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمارے موقف کی تائید ہے، ہماری مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دے دی گئی تھیں، اس سارے عمل میں ہم کہتے رہے کہ ہمارے ساتھ غیر آئینی سلوک ہوا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم کہتے رہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اس کی جیتی نشستوں سے زائد نشستیں نہیں مل سکتیں، ہمارا موقف یہی تھا کہ سپریم کورٹ کو فیصلہ کرنے دیں، ہمیں عدلیہ پر اعتماد ہے اور عدلیہ کا احترام ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے کسی کے ساتھ مذاکرات نہیں ہو رہے، اس فیصلے کا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں، حکومت اب دوتہائی اکثریت سے محروم ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری 78نشستیں دوسری جماعتوں کو دی گئیں، الیکشن کمیشن کا آرڈر غیرآئینی تھا، ان سیٹوں کی بنیاد پرحکومت دو تہائی اکثریت کا دعویٰ کر رہی تھی۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما اور وکیل سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ آئین کو بگاڑنے والوں کو آج شکست ہوئی ہے، عدلیہ آئین پاکستان اور جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے۔

مزید پڑھیں:  علی امین گنڈا پورکالوڈ شیڈنگ کم کرنےکیلئےوفاق کو15دن کاالٹی میٹم