جسٹس محسن کیانی کا بھی توہین عدالت کارروائی کیلئے چیف جسٹس کو خط

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج محسن اختر کیانی نے بھی چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کو خط لکھا ہے جس میں اپنے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کی درخواست کی ہے۔
اس سے قبل جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو اپنے خلاف سوشل میڈیا مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے خط لکھا تھا جس پر فیصلہ کیا گیا کہ خط کو توہین عدالت میں تبدیل کرکے کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو جج صاحبان کے خطوط پر آج بینچ تشکیل کیے جانے کا امکان ہے جو دونوں ججز کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے پر توہین عدالت کے نوٹس جاری کرے گا۔
جسٹس بابر ستار کی امریکی شہریت سے متعلق سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے تردید جاری کی تھی کہ جسٹس بابر ستار کے پاس پاکستان کے علاوہ کسی ملک کی شہریت نہیں، سوشل میڈیا پر جسٹس بابر ستار کے خلاف ہتک آمیز اور بے بنیاد مہم چلائی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، 20 روپے میں 120 گرام روٹی، صوبائی حکومت کا نیا حکم نامہ جاری