9مئی کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہئے ،وفاقی وزرا

اسلام آباد: وفاقی وزرا خواجہ آصف اور عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 9مئی کا واقعہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، واقعہ کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ 9مئی کے ملوث کرداروں کو سب جانتے ہیں،واقعہ پر احتساب ہونا چاہیے اور قوم کو حقائق سے آگاہی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شہدا نے اس ملک کے دفاع کے لیے جانوں کی قربانیاں دیں، دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان اور سول ادارے جنگ لڑ رہے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو بحرانوں کا شکار کیا، تحریک انصاف نے آرمی چیف کی تقرری کو متنازع بنانے کی کوشش کی، آرمی چیف کی تقرری صرف وزیراعظم کا استحقاق ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ نو مئی کو باقاعدہ منصوبے کے تحت ادارے کی تکریم اور تقدس کو پامال کرنے کی کوشش کی گئی، تحریک انصاف کے لوگ 9 مئی کے واقعات میں ملوث تھے، نو مئی کی سازش کے تانے بانے 2014 سے شروع ہوئے تھے، یادگار شہدا کو نذر آتش کرنا افسوس ناک ہے، بھارت نے بھی کیپٹن شیر خان شہید کی تکریم کی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ نو مئی 25 کروڑ عوام کی انا اور شہدا کے احترام کا مسئلہ ہے، نو مئی جنگوں میں قربانیاں دینے والوں کی انا کا مسئلہ ہے، ایبسلوٹلی ناٹ کہنے والے اب امریکی سفیر سے مل رہے ہیں، نو مئی کے تمام کرداروں کو سب جانتے ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی میں آج ہر کوئی اپنے اپنے گھر میں چیئرمین بنا بیٹھا ہے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ عدلیہ سے گزارش کی ہے کہ 9 مئی کے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائیں، کیا امر مانع ہے کہ عدالتیں ان کیسز کو منطقی انجام تک نہیں پہنچا رہیں، 9 مئی کے کیسز میں شواہد موجود ہیں، بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں ۔

مزید پڑھیں:  آزادی مارچ مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی سمیت کئی رہنما بری