آرمی چیف

9مئی کےمنصوبہ سازوں وکرداروں سےسمجھوتہ ہوگانہ ہی ڈیل:آرمی چیف

ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ 9مئی کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل ہوگی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور مادر وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پرآرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرز میں گیریژن آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے افسران اور جوانوں کو ان کی قوم کیلئے خدمات پیش کرنے اور پیشہ ورانہ مہارت پر سراہا
آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے ڈیجیٹل دہشت گردی کر رہے ہیں اور مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
آرمی چیف نے کہا پاک فوج کا ہر سپاہی اور افسر کسی بھی دوسری وابستگی یا ترجیحات سے قطع نظر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو اولیت دیتاہے اور روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہا ہے ۔
پاک فوج کے سربراہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلاشبہ 9مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن رہے گا جب دانستہ طور پر شرپسندوں نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا۔
ان پرتشدد اور مذموم کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا،اب وہی سازشی عناصر، ڈھٹائی سے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
آرمی چیف نے واضح کیا کہ جنہوں نے تاریخ کا یہ سیاہ باب رقم کیا ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل۔
وہ معصوم لوگ جو اِن مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد کو نہیں سمجھ سکے اِن کو منصوبہ سازوں نے اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا،اِن ورغلائے ہوئے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا ہے۔
سپہ سالار نے کہا کہ ہم اِس گھنائونے منصوبے کے اصل رہنما جو کے اپنے آپ کو معصوم ظاہر کرتے ہیں کو اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا خصوصاً جب ان کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔
آرمی چیف آرمی چیف نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو یقین دلایا کہ شہدا اور ان کے اہلخانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گااس حوالے سے آئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو ہماری کمزور ی اور ہمارے صبر کو لا محدود نہ سمجھا جائے۔
جنرل عاصم منیر نے بعد ازاں لاہور گیریژن میں جناح لائبریری کا افتتاح بھی کیا،قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر لاہور نے استقبال کیا۔

مزید پڑھیں:  تحریک انصاف رہنما رؤف حسن کا مزید 3روزہ جسمانی ریمانڈ منظور