ماں کا عالمی دن

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

ویب ڈیسک: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے ، ہر سال ماں کاعالمی دن منانے کیلئے مختلف ممالک میں ایک ہی دن مختص نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق 1911 میں امریکا کی ایک ریاست میں پہلی بار ماں کا عالمی دن منایا گیا، پاکستان اور اٹلی سمیت مختلف ممالک میں یہ دن مئی کے دوسرے اتوار منایا جاتا ہے۔
یوں تو ہر دن ماں کا دن ہے لیکن خاص طور پر اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد ماں کی عظمت کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
ہر ماں قابل تحسین ہے لیکن کچھ مائیں ایسی بھی ہیں جو مشکلات کو چیلنج سمجھ کے قبول کرتی ہیں اور اپنے بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کی خاطر گھروں کی ذمہ داری ہی نہیں سنبھالتیں بلکہ بچوں کے باپ کے شانہ بشانہ محنت کرتی ہیں۔
تمام مخالفتوں اور چیلنجز کے باوجود ایک ماں اپنے بچوں کو بہترین زندگی دینے کیلئے مشکلات اٹھانے کیلئے ہر دم تیار رہتی ہے، ماں کا دل تو بچوں کیلئے دھڑکتا ہے، بچوں کے ساتھ رہنا اولین ترجیح ہے لیکن ان کے بہتر مستقبل کیلئے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بھی احسن طریقے سے نبھا رہی ہیں۔
دنیا کا ہر رشتہ انسان کا ساتھ چھوڑ دے تب بھی ماں آخری دم تک اپنی اولاد کی فکر نہیں چھوڑتی، یہ ایک واحد انسانی رشتہ ہے جو بالکل بے غرض ہے ۔
وقت کی ستم ظریفی ہے کہ پاکستان میں اولڈ ہومز بنے اور اب بھرتے ہی جا رہے ہیں، اپنے بچوں کو پالنے کیلئے ہر دکھ سہنے والی مائیں اولڈ ہومز میں کرب سے گزر رہی ہیں۔

مزید پڑھیں:  دیر بالا کی مرکزی شاہراہ کھنڈرات میں تبدیل، راہگیر مشکلات کا شکار