علی امین گنڈا پور

ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا،علی امین گنڈا پور

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کی تیاری سے متعلق اجلاس ہوا جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے لئے محکمہ آبنوشی، آبپاشی اور مواصلات کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غوروخوص کیا گیا ۔
اجلاس میں ان محکموں کے جاری منصوبوں کے لئے فنڈز الوکیشن اور دیگر امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تکمیل کے قریب منصوبوں کو فنڈز کی فراہمی میں پہلی ترجیح دی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ جاری منصوبوں خصوصا تکمیل کے قریب منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایسے منصوبے شامل نہ کئے جائیں جن پر مقررہ وقت میں عملدرآمد ممکن نہ ہو۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے ضرورت کی بنیاد پر ترجیحی منصوبے تجویز کئے جائیں، نئے منصوبوں میں ان علاقوں کو ترجیح دی جائے جہاں پہلے کام نہیں ہو،سالانہ ترقیاتی پروگرام صرف وہ اسکمیں شامل کی جائیں جو ہر لحاظ سے قابل عمل ہوں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہوں ان کے لئے سالانہ خاطر خواہ فنڈز مختص کئے جائیں، اس طرح یہ اسکیمیں بروقت مکمل ہوسکیں گی اور ان کا فائدہ بلاتاخیر عوام تک پہنچے گا۔
علی امین گنڈاپورکا مزید کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ صوبائی دارالحکومت پشاور کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فلٹریشن کے منصوبے تجویز کئے جائیں،جنوبی اضلاع میں پینے کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیراعلیٰ کا یہ بھی کہنا تھا کہ سرکاری ٹیوب ویلز کا پانی بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے علاوہ کوئی محکمہ سڑکیں تعمیر نہیں کرے گا، یورکس ڈیپارٹمنٹس ترقیاتی منصوبوں کی موثر مانیٹرنگ کے لئے اپنی استعداد کو بڑھائیں۔

مزید پڑھیں:  سیاسی جماعتوں کیساتھ یکساں سلوک اپنانا چاہیے، میتھیو ملر