اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کا غزہ میں اہلکار کی ہلاکت کی تحقیقات کا مطالبہ

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے غزہ میں ادارے کی گاڑی پر حملے اور عملے کے رکن کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور تمام یرغمالیوں کی رہائی پر زور دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والی اقوام متحدہ کی گاڑی رفاح کے یورپی ہسپتال کی جانب جا رہی تھی۔
سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے نیویارک میں صحافیوں کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے شخص کا تعلق سکیورٹی کے شعبے سے تھایہ غزہ کی جنگ میں اقوام متحدہ کے امدادی کارکنوں کے علاوہ اس کے عملے کے رکن کی پہلی ہلاکت ہے۔
نائب ترجمان کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
فرحان حق کے مطابق سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ غزہ کی جنگ میں ناصرف شہریوں بلکہ امدادی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی ہلاک ہو رہی ہے۔
مزید انسانی نقصان سے بچنے اور لوگوں کی تکالیف میں کمی لانے کے لیے فوری جنگ بندی ناگزیر ہے۔
فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انرا)نے بتایا ہے کہ سوموار کو اس کا ایک اور کارکن اسرائیل کے حملے میں ہلاک ہو گیا۔

مزید پڑھیں:  کملا اور ٹرمپ کا غزہ جنگ بندی کا مطالبہ